ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جے رام رمیش کا ردعمل: ’’ہم نے صرف اپوزیشن اراکین کی توہین پر آواز اٹھائی ہے‘‘، جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک

جے رام رمیش کا ردعمل: ’’ہم نے صرف اپوزیشن اراکین کی توہین پر آواز اٹھائی ہے‘‘، جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک

Wed, 11 Dec 2024 18:37:18  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 11/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) راجیہ سبھا چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف اپوزیشن اراکین نے پہلی عدم اعتماد کی تحریک پیش کی ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ جے رام رمیش نے آج کہا کہ پچھلے 72 سالوں میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اپوزیشن نے راجیہ سبھا چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حالات کتنے خراب ہو چکے ہیں۔ جے رام رمیش نے کہا کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین کی جانب سے ایوان چلانے کے طریقے نے اپوزیشن کو عدم اعتماد کی تحریک لانے پر مجبور کیا ہے۔ تمام اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے اس تجویز پر دستخط کیے ہیں۔

جئے رام رمیش نے راجیہ سبھا چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کو کسی بھی طرح سے ذاتی معاملہ ماننے سے انکار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ کوئی ذاتی معاملہ نہیں ہے۔ ہم نے صرف اور صرف اپوزیشن اراکین کی توہین کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ تجویز پر دستخط کرنے والوں میں تمام اپوزیشن کے اراکین شامل ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’دستخط کرنے والوں میں شامل اپوزیشن سیاسی پارٹیاں عام آدمی پارٹی، ڈی ایم کے، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار)، شیو سینا (یو بی ٹی)، ترنمول کانگریس اور سماجوادی پارٹی ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 60 اپوزیشن کے اراکین نے عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں تجویز پر دستخط کیے ہیں۔‘‘

جے رام رمیش نے حکمراں جماعت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بالکل واضح ہے کہ حکومت دونوں ایوانوں کو نہیں چلنے دینا چاہتی ہے۔ کل پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے راجیہ سبھا کے چیئرمین کے سامنے یہ بات کہی تھی کہ جب تک آپ (اپوزیشن) لوک سبھا میں اڈانی سے متعلق ایشو اٹھاتے رہیں گے تب تک ہم (حکمراں جماعت) راجیہ سبھا کو کام نہیں کرنے دیں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس دوران وہاں بی جے پی کے صدر جے پی نڈا بھی موجود تھے۔


Share: